Biography

Author Picture

Fazal ur Rahman Qazi

فضل الرحمٰن قاضی 13 جنوری 1935؁ء کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔ آباؤ اجداد کا تعلق پٹیالہ سے مگر ان کے والد نے کوئٹہ میں مستقل سکونت اختیار کی۔ فضل الرحمٰن قاضی نے اسلامیہ ہائی سکول، کوئٹہ سے 1951؁ء میں میٹرک کیا مگر کم عمری ہی میں ملازمت اختیار کرنا پڑی۔ انہوں نے محکمہ مردم شماری کے سب سے چھوٹے عہدے ”سارٹر“ کے طور پر کام کا آغاز کیا۔ باقاعدہ طور پر سرکاری ملازم ہونے کے بعد محکمہ ریلوے اور بعد ازاں شہری دفاع کے محکمے سے وابستہ ہو گئے۔ 1995؁ء میں شہری دفاع کے ڈائریکٹر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔
فضل الرحمٰن سماجی خدمات اور کھیل سے دل چسپی رکھنے کے ساتھ ساتھ اسٹیج ڈرامہ اور لکھنے پڑھنے سے بھی وابستہ رہے ہیں۔
قاضی صاحب نے بلوچستان میں شہری دفاع کی بنیاد رکھی اور اس حوالے سے ’’بلوچستان کے بابائے شہری دفاع‘‘ کہلائے۔
انہوںنے متنوع موضوعات پر لکھا تاہم ہر تحریر میں شگفتگی اور مزاح کا عنصر نمایاں ہے۔ بلوچستان سے اردو میں طنزو مزاح کی پہلی کتاب ’’ـوغیرہ ـوغیرہــ‘‘ اور ازاںبعد’’ بلوچستان میںاسٹیج ڈرامہ کی روایتـ‘‘ کو قبولیت عامہ حاصل ہوئی۔ـ ـ’’رُوداد ریل کی‘‘ ان کے مشاہدات اور مطالعے کا نچوڑ ہے۔ قاضی صاحب ان دنوں خطاطی اور پیینٹنگ سے جی بہلاتے ہیں۔ زندگی کے نشیب و فراز میں ان کے تجربات اور مشاہدات نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔