Biography

Author Picture

Muhammad Riaz Ahmad

ریاض، پورا نام مُحمد ریاض احمد لکھتے ہیں۔ پیدائش بلوچستان کی، اور وہیں کی تعلیم۔ والد کی ملازمت کی وجہ سے ابتدا ہی سے بلوچستان کے شہر شہر پِھرتے رہے۔
کچی پکی ( کے جی ) پنجگور کی جھونپڑی نما کلاس روم میں، دوسری جماعت لورالائی میں، کلاس سؤئم نوشکی میں، چوتھی جماعت چمن سے، اور پنجم میں فورٹ سنڈیمن (ژوب) آگئے، مطلب اپنے ناتواں کاندھوں پر بوریا بستر لئے قریا قریا پھرتے رہے۔ پھر ان سے زیادہ بلوچستان کو کس نے اتنے قریب سے دیکھا ہوگا۔ FSc تک ژوب میں رہے۔ BSc ایمرسن کالج ملتان سے کی۔
نوکری کی ابتدا محکمہ تعلیم خاران جیسی بے آب و گیاہ جگہ سے کی۔ منصوبہ بندی و ترقیات کوئٹہ میں بحیثیت سیکشن چیف کام کیا، مقابلے کا امتحان پاس کر کے پولیس میں دھر لئے گئے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں، بیلہ، پشین، لورالائی نیز بنوں، گجرات، میں رہے۔
گلاسگو یونیورسٹی سے اکنامکس میں اور ویلز یونیورسٹی کارڈیف، سے کرمنالوجی میں ماسٹر کیا، نمائیاں پوزیش کی وجہ سے ڈاکٹریٹ میں داخلہ ملا۔ اس کے علاوہ اسکاٹ لینڈ پولیس، نیو پورٹ پولیس، ٹلی ایلن کالج برطانیہ، لیوزیانہ سٹیٹ پولیس اکیڈمی امریکہ سے دو مرتبہ گریجویشن کورس پاس کیا۔
بلوچستان اولمپک کے جنرل سیکریٹری، اور پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے صدر رہے۔ جرمنی، ماسکو، ہالینڈ، مالدیپ، قطر، امارات، مسقط، ایران، اصفہان میں پاکستانی دستے کی قیادت کی۔ اوآئی سی ممالک کے اجلاس آذر بائیجان میں پاکستان کی نُمائندگی کی۔
، یعنی دشت تو دشت، دریا و سمندر بھی نہ چھوڑے۔
لکھنے لکھانے کے علاوہ ٹی وی اور میڈیا سے بھی تعلق رہا۔ ڈرامے لکھے، بنائے، درجن سے زائد میں کام بھی کیا۔
پولیس میں آئی جی تک کے عہدوں پر رہے۔ آجکل سپریم کورٹ کے تشکیل کردہ کمیشن برائے اقلیتی امور میں رجسٹرار کے عُہدے پر کام کر رہے ہیں۔