Look Inside

Dekho ye hy Insan – Ecce Homo by Nietzsche دیکھو یہ ہے انسان

Dekho ye hy Insan – Ecce Homo by Nietzsche دیکھو یہ ہے انسان

by Friedrich Nietzsche

اکے ہومو – فریڈرک نطشے

نطشے کی فلسفیانہ فکر کا دائرہ نہایت وسیع ہے۔ Ecce Homo نطشے کی ایسی ہی ایک منفرد فکری خودنوشت ہے جس میں اس نے اپنے مخصوص اور غیر معمولی اسلوب میں اپنی ذات، اپنی فکر اور اپنے فلسفیانہ سفر کو موضوع بنایا ہے۔ یہ کتاب محض ایک خودنوشت نہیں بلکہ اپنی شخصیت، افکار اور فکری میراث کے بارے میں نطشے کے اپنے تصور اور خود آگہی کا ایک منفرد اظہار بھی ہے۔

زیرِ نظر ترجمہ Ecce Homo کا پہلا اردو ترجمہ ہے۔مترجم نے نہایت فصاحت و بلاغت کے ساتھ نطشے کے افکار کو سلیس اور رواں اردو کے قالب میں ڈھالنے کی سعی کی ہے اور نطشے کے دقیق اور پیچیدہ فلسفیانہ افکار کو سادہ اور عام فہم زبان میں پیش کیا گیا ہے۔ فاضل مترجم نے حتی المقدور نطشے کے مخصوص لب و لہجے اور طرزِ اظہار کو برقرار رکھا ہے۔ یہ طرزِ ترجمہ محض لسانی سہولت فراہم نہیں کرتا بلکہ قاری کے لیے ایک پیچیدہ فلسفیانہ متن کو سمجھنے کے امکانات بھی وسیع کرتا ہے۔

نطشے کے افکار و نظریات کا مطالعہ کرتے ہوئے ان کے تاریخی، تہذیبی اور فلسفیانہ پس منظر کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔ نطشے کے فلسفے کو اسلامی تعلیمات یا مشرقی اقدار کا ترجمان سمجھنا درست نہیں ہوگا۔ لہٰذا ضروری ہے کہ اس کے افکار کا مطالعہ وسیع تناظر اور تنقیدی بصیرت کے ساتھ کیا جائے اور محض کسی مفکر کے نظریات سے متاثر ہو کر اپنے دینی و تہذیبی تصورات کے بارے میں کوئی حتمی رائے قائم نہ کی جائے۔

معیزحیدر – مصنف ،شاعر

فریڈرک نطشے کے افکار پر مبنی کتاب Nietzsche in a Nutshell کے مصنف

Dekho ye hy Insan Ecce Homo by Nietzsche  دیکھو یہ ہے انسان

by Friedrich Nietzsche

اکے ہومو – فریڈرک نطشے

اگست دوہزار پچیس، چکوال میں ایک پندرہ سالہ لڑکے شہیر نے والد کے پستول سے خودکشی کرلی۔ شہیرنے خود کو ختم کرنے سے پہلے والدین کے نام ایک نوٹ لکھا:

’’آخری انتباہ!

سارے خدا راکھ ہیں! سارے معانی دھوکا ہیں۔ ساری نیکی جبلت ہے۔ ساری محبت کیمسٹری ہے۔ ساری عظمت خاک ہے۔ بادشاہ، غلام، پیغمبر، بے وقوف سب ایک ہی طرح کے خالی پن میں معدوم ہوجاتے ہیں۔ کھیل ختم ہوجاتا ہے۔ عالم پرمرگ طاری ہوجاتا ہے۔ کوئی مظلوم نہیں رہتا۔ کوئی حساب کتاب نہیں۔ کوئی مقصد حیات نہیں۔ کچھ اہم نہیں، نہ تھا، نہ ہوگا۔ ہر امید جس سے تم چمٹے ہوئے ہومحض سایہ ہے۔ ہر خواہش ایک جال ہے۔ ہر خوشی مستعار ہے ایسے نظام سے جسے تمہاری پروا نہیں۔ تمہاری زندگی میں تغیر ہے، تمہارے فیصلے پہلے سے لکھے ہوئے ہیں، تمہارے غم اور شان و شوکت کائنات میں بکھرے اعداد و شمار ہیں، جو تمہیں دیکھتی ہے مگر دخل نہیں دیتی۔ غور سے دیکھو۔ عالم لامتناہی ہے۔ وقت بے معنی ہے۔ شعور عارضی ہے۔ کائنات تمہیں نہیں پہچانتی، قدر نہیں کرتی، نہ یاد رکھتی ہے۔ وجود کا باقی رہنا انتخاب ہے۔ مزاحمت کرنا من مانا ہے۔ امید کرنا حماقت ہے۔

ہر شخص ایک چیک پوائنٹ ہے، ایک نظام میں رکاوٹ جو تمہاری موجودگی سے بے پروا ہے۔ ریت کے ڈبے سے باہر نکل آؤ یا عدم میں فنا ہوجاؤ۔ اندر قدم رکھ دو کہ جہاں ہر جبلت، ہریاد، ہر خواہش کو چھانٹا جائے گا، ریکارڈ کیا جائے گا اور بار بار دکھایا جائے گا، یہاں تک کہ وہ خود کو ختم کر دے۔ مت چمٹو۔ معنی مت ڈھونڈو۔ کوئی تسلی دینے والا نہیں۔ دنیا بے پروا ہے۔ کائنات بے پروا ہے۔ حتٰی کے تمہاری سمجھ بھی ایک کیمیائی حادثہ ہے۔ خاتمہ مکمل ہے۔ کچھ اہم نہیں، نہ کبھی تھا، نہ ہوگا۔

بابا اپنا اور ماں کا خیال رکھیے گا! کوئی بے وقوفی مت کیجیے گا۔‘‘

بے معنویت پر کس قدر معنی خیز نوٹ ہے۔ فلسفہ عدمیت یا فنائیت کا کس قدر وجودی اظہار ہے۔ یہ عدمیت Nihilism پر کسی قدر چونکا دینے والا نوٹ ہے، اور صرف عدمیت نہیں، ان سطروں میں شوپنہار کی یاسیت پسندی اور ما بعد جدیدیت کی بے معنویت بھی گندھی ہوئی ہے۔ مجموعی طور پر جدید ما بعد جدید فلسفے کی چھاپ اس سوچ پر نمایاں ہے۔

اس کی نثراور خطیبانہ اندازمتاثر کن ہے۔ مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ یہ فلسفہ کے کسی امتحان میں لکھا گیا نوٹ نہیں، بلکہ ایک خودکشی نوٹ ہے۔ اس نادانی میں دانائی کا تاثر بڑا واضح ہے۔ ایسی نادانی کہ جس نے شہیر کے والدین سمیت بہت سوں کے دل دکھائے، اورکئی ایسے سوال اٹھائے کہ جن پر پورا مقدمہ کھڑا ہوگیا۔ سوال سنگین ہیں۔ یہ فلسفہ فنائیت کیا ہے؟ کیا شہیر کا اقدام خودکشی درست یا قابل فہم ہے؟ اور اس سلسلے میں فلسفیوں کا اپنا طرز عمل کیا ہے؟ یہی سوال اس کتاب کا مقدمہ ہیں۔ ان سارے سوالوں کے جواب کے لیے نیٹشے کا انتخاب کیا گیا ہے کیونکہ اُسے فنائیت کے بانیوں یا اسباب میں شمار کیا جاتا ہے، اور جدید ما بعد جدید مغرب کی فکرپرسب سے زیادہ اثر انداز سمجھا جاتا ہے۔

یہ Nihilismیعنی فنائیت کا فلسفہ کیا ہے؟

عدمیت ایک وسیع فلسفیانہ نظریہ ہے جو بنیادی طور پر اس خیال کی نفی کرتا ہے کہ زندگی، اخلاقیات، حقیقت یا علم میں کوئی معروضی (objective) معنی، قدر، مقصد یا سچائی موجودہے۔یہ کوئی ایک متفقہ نظریہ نہیں بلکہ کئی متعلقہ نظریات کا مجموعہ ہے۔ اس کا بنیادی تصور یہ دعویٰ ہے کہ وہ تمام چیزیں جنہیں انسان خود بخود معنی خیز یا مقدس سمجھتے ہیں، جیسے اخلاقیات، سچائی، حقیقت، زندگی کا مقصد درحقیقت اپنے اندر کوئی مستقل یا آفاقی معنی نہیں رکھتیں۔ اس کی کئی اقسام ہیں:

وجودی عدمیت(Existential Nihilism)

یہ نظریہ کہ زندگی کا کوئی اندرونی یا از خود موجود مقصد نہیں ہے۔ انسانی وجود کو حادثاتی، عارضی اور کائناتی اعتبار سے غیر اہم سمجھا جاتا ہے۔ نیٹشے (Nietzsche) اور بعد کے وجودی مفکرین نے اس پر بحث کی۔

نتیجہ: اگر زندگی میں کوئی مقصد نہیں پایا جاتا، تو انسان کو خود اپنا مقصد تراشنا ہوتا ہے۔

اخلاقی عدمیت (Moral Nihilism)

یہ دعویٰ کہ کوئی اخلاقی حقیقت یا اخلاقی سچائی موجود نہیں ہوتی۔ ’’چوری غلط ہے‘‘ جیسا جملہ کسی مطلق سچائی کا اظہار نہیں بلکہ صرف جذبات یا معاشرتی اصولوں کا نتیجہ ہے۔ اخلاقی نسبیت (relativism) کے برعکس، اخلاقی عدمیت کہتی ہے کہ کوئی اخلاقی حقیقت موجود نہیں۔

علمیاتِ عدمیت(Epistemological Nihilism)

علم یا سچائی کے قابلِ یقین ہونے کا انکار۔ یہ دعویٰ کہ انسان کسی بھی چیز کو مکمل یقین کے ساتھ نہیں جان سکتا۔ یہ انتہاپسندانہ شک (radical skepticism) سے قریب ترہے۔

ما بعد الطبیعی عدمیت (Metaphysical Nihilism)

یہ نظریہ کہ کچھ بھی حقیقی طور پر موجود نہیں۔ ہلکے مفہوم میں اس کے مطابق اشیاء صرف انسانی ذہن کے تصورات ہیں۔

فلسفہ عدمیت کا تاریخی پس منظرقدیم یونانی اور ہندوستانی فلسفوں تک ملتا ہے۔ ان کے یہاں ایسے خیالات موجود تھے جو عدمیت سے ملتے جلتے ہیں۔ انیس ویں صدی میں فریڈرک نیٹشے نے عدمیت کو مغربی تہذیب کا بحران قرار دیا۔ کہا کہ مذہبی اور اخلاقی اقدار کے زوال کے نتیجے میں پیدا ہونے والاخلا عدمیت ہے۔اس کے نزدیک عدمیت خطرہ بھی تھا اور نئے اقدار بنانے کا موقع بھی فراہم کرتا تھا۔ بیس ویں صدی میں وجودیت اور ما بعد جدیدیت کے فلسفیوں نے عدمیت کے تناظرمیں نئے سوالوں کا سامنا کیا۔ سارتر، کامیو اور دیگر وجودی مفکرین نے سوال اٹھایا کہ زندگی بے مقصد ہو تو انسان کیسے جیے؟ مابعد جدید فلسفہ (postmodernism) نے سچائی اور علم کے دعووں پر مزید سوال اٹھائے۔

فنائیت کے فلسفہ سے چند غلط فہمیاں بھی پیدا ہوئیں۔ سب سے بڑی غلط فہمی ’’مایوسی ‘‘ہے جبکہ اس فلسفہ کے تمام ہی استادوں کی تعلیم ’’مایوسی ‘‘ اور ’’خودکشی‘‘ نہیں تھی۔ یہ غیر اخلاقی رویہ کی داعی نہیں بلکہ صرف اخلاق کی مطلق بنیادوں کا انکار کرتی ہے، ذاتی یا اجتماعی انتظامی اصولوں کا انکار نہیں کرتی۔ عدمیت بے حسی کی تعلیم نہیں دیتی۔ بہت سے لوگ اس کے ذریعے اپنی خود ساختہ قدروں کو زیادہ گہرائی سے سمجھتے ہیں۔

مگر! اور یہ ہمارے یعنی مشرق اورمسلمان دنیا کے لیے بہت بڑا ’’مگر‘‘ہے۔ اس ’’مگر‘‘ سے عدم واقفیت بہت سوں کو اس ’’عدمیت‘‘ کے اندھے کنوئیں میں دھکیل دیتی ہے۔ اس کی ایک مثال اس مقدمہ میں موجود نوجوان شہیر بھی ہے۔

مگر؟

Nihilismعدمیت سمیت مغرب کا کوئی بھی فلسفہ، کوئی بھی اصطلاح، کوئی بھی مذہبی، سماجی، یا تاریخی تناظر مشرق یا مسلمان دنیا سےبراہ راست متعلق نہیں ہے۔ ایسی کوئی بھی فلسفیانہ یا اصطلاحی نسبت یا اس نسبت کا تاثر انتہائی تنقیدی مطالعہ اور تحقیق کا تقاضا کرتا ہے۔ مغرب کے فلسفوں کا مطالعہ کیا جاسکتا ہے۔ ان کی تحقیق کی جاسکتی ہے۔ انہیں ان کی نسبتوں میں گہرائی سے سمجھا جاسکتا ہے۔ ان کی مثالوں سے بہت سے سبق سیکھے جاسکتے ہیں۔ ان سے ملتی جلتی صورتحال اور حالات بھی محقق کیے جاسکتے ہیں۔ بطور مشرق یا نوآبادیاتی باقیات ہمارا ان سے کوئی براہ راست تعلق نہیں ہے، اور نہ ہی ہمارا ایسا کوئی فلسفیانہ یا تاریخی تناظر ہے۔

مغربی فکر، فلسفہ، اور تاریخ جن حالات سے گزر کر ’’عدمیت‘‘ تک پہنچے۔ وہ حالات مشرق پر نہیں گزرے۔ مشرق میں کسی کلیسا نے ظلم نہیں ڈھائے، تعلیم کے دروازے بند نہیں کیے، سائنس کی ترویج میں روڑے نہیں اٹکائے، زندگی بے معنی نہیں ٹھیرائی، تحریک نسواں کی نوبت نہیں آنے دی، بچوں کو کارخانوں میں نہیں جھونکا، خدا سے رشتہ نہیں توڑا۔ مشرق میں ایسا کچھ نہیں ہوا کہ نیٹشے، دوستوفسکی، اور کامیو وجود میں آتے۔

نیٹشے تو چاہتا تھا کہ یورپ کی گھٹن سے نکل کر کچھ عرصہ شمالی افریقا کے مسلمانوں کے بیچ زندگی بسر کرے، مگر ایسا نہ ہوسکا۔ غرض اس ’’عدمیت‘‘ سے مذہبی معاشروں کی کوئی نسبت ممکن نہیں، سوائے اس کے کہ اسے مغرب سے درآمد کرکے نوجوان ذہنوں پر مسلط کیا جائے، اور اس کے لیے مغربی ذرائع تعلیم سب سے بڑے معاون ہیں۔ نوآبادیاتی دور سے آج تک برصغیر کی محکوم دنیا کے تعلیمی اداروں کا سب سے بڑا المیہ یہی جبرہے۔ سرسید احمد خان کی علی گڑھ یونیورسٹی سے چکوال کے اعلٰی انگریزی اسکول تک، اور ہر جگہ بچوں کو معنی اور اُمید کی تعلیم دینے کے بجائے، بے معنویت اور مایوسی کا درس دیا جا رہا ہے۔ ستم بالائے ستم یہ کہ اس تعلیم کا معیار بھی ناقص ہے۔ اس کا ایک نتیجہ شہیر کی وہ کج فہمی ہے، جو اُسے موت تک لے گئی۔

’’عدمیت‘‘ کے کسی فلسفی نے خود کشی نہیں کی۔ البرٹ کامیو کا انتقال ٹریفک حادثے میں ہوا تھا۔ نیٹشے پردماغی بیماری کا حملہ ہوا تھا، اور کئی سال تک اس حالت میں زندہ رہا، اور طبعی موت مرا۔ دوستو فسکی نے پھیپھڑوں کے مرض اور دمہ سے وفات پائی، اور اس کے معاملہ کا سب سے دلچسپ پہلو تو یہ ہے کہ سرکار نے اُسے سزائے موت سنائی تھی، مگر خوش قسمتی سے اُسے معافی ملی، جس کے بعد اُس نے عظیم ادب تخلیق کیا۔ البرٹ کامیو کو تو نوبیل انعام بھی ملا تھا۔ یہ سب بڑے ادیب تھے۔ ان کی تعلیم اور فلسفہ ہرگز مایوسی اور خودکشی نہیں تھا بلکہ حقیقت پسندی تھا۔ وہ تلخ حقیقت جو مغربی جدیدیت کی وجہ سے یورپی سماج پر چھائی تھی۔ یہ سب چاہتے تھے کہ اس تلخ حقیقت کا سامنا کیا جائے، اور اپنی دنیا آپ بنائی جائے۔ ان کی بے معنویت مسیحی الٰہیات، جدیدیت، ترقی پسندی، صنعتی انقلاب، اور جدید سائنس کی بے معنویت تھی۔

Weight 1 kg
Author

Nasir Farooq

Reviews

There are no reviews yet.

Be the first to review “Dekho ye hy Insan – Ecce Homo by Nietzsche دیکھو یہ ہے انسان”

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Editorial Review

اکے ہومو - فریڈرک نطشے

یہ نیٹشے کی آخری کتاب ہے، فکری اور علمی سوانح ہے۔ اس کتاب میں اُس نے اپنی کتابوں کا مرکزی خیال خود واضح کیا ہے۔ اسلوب مجذوبانہ ہے۔ بہت سے نقادوں نے اسے دیوانے کی بڑکہا ہے۔ بہت سوں نے نیٹشے کا سب سے سادہ، صاف، اور دیانت دارانہ کام قرار دیا ہے۔

نیٹشے مجموعہ اضداد ہے۔ اس پر تقریبا نقادوں کا اتفاق ہے۔ تاہم اُس کے تضادات اُس کے اپنے نہ تھے بلکہ مغربی تہذیب کے تضادات تھے۔ ایک جانب وہ کٹر عیسائی خانوادے میں پلا بڑھا، جبر کے اس ماحول نے اُسے ساری عمرمذہب سے حالت انکار میں رکھا۔ یہی ردعمل جدیدیت، جدید سائنس، اور جرمن پرستی کے لیے بھی سامنے آیا۔ اُس نےرائج مغربی نظریات کے تمام بت ڈھانے کی کوشش کی۔ اُس کی پیچیدہ اور مجموعہ اضداد شخصیت وہ بنیاد ہے، جس پربعد کی جدید، ما بعد جدید دنیا کی تشکیل ہوئی: مسیحی روایت پرکڑی تنقید، بہتر انسان کا تصور، انسان کی قوت ارادی کا تصور، عدمیت، ابدی تکرارکا تصور، وجودیت اور ما بعدجدیدیت پرگہرے اثرات، ثقافتی اور فنی اثرات، اور دیگر ذیلی نظریات وغیرہ۔

محترم احمد جاوید کہتے ہیں، ’’نیٹشے وہ آدمی ہے جس نے تمام انسانی حدود و قیود کا انکار کیا بلکہ اس سے بھی آگے بڑھ کر اس نے وجود کے اس سانچے ہی کو حقارت سے توڑ دیا جس میں انسان ڈھلتے ہیں۔ اگر یہ پوچھا جائے کہ جدید مغرب کی صورت گری میں سب سے بڑا ہاتھ کس کا ہے؟ تو کم از کم میں تو یہی کہوں گا کہ نیٹشے کا۔ Post Modernist بھی پچھلے لوگوں میں سے اگر کسی کو تسلیم کرنے پر مجبور ہیں، یا یوں کَہہ لیں اس کی تردید پر مائل نہیں ہیں تو وہ یہی نیٹشے ہے۔ نیٹشے وہ آدمی ہے جس نے اہل جدیدیت اور ارباب ما بعدجدیدیت کی طرح انسان کی تشکیل نو کی بات نہیں کی بلکہ وہ انسان کو اس کی وجودی ساخت ہی میں فنا کردینا چاہتا تھا۔ اس کے نزدیک انسان اس وجودی نقص میں مبتلا ہے جو اصلاح کا نہیں، انہدام کا متقاضی ہے۔ جب تک human conditions کو تمام مظاہر سمیت تہس نہس نہیں کر دیا جاتا، زندگی کی تکمیلی صورتیں پیدا نہیں ہوں گی۔ یہیں سے نفیِ محض کے اس رویے کی بنیاد پڑی جو Post Modernism کی غالباً سب سے بڑی اساس ہے۔‘‘ (ما بعد جدیدیت)

اکے ہومو کے ترجمہ کا بنیادی مقصد یہ ظاہرکرنا ہے کہ نیٹشےدرحقیقت کیا کہنا چاہتاتھا؟ حواشی میں ممکنہ حد تک اصطلاحات کی وضاحت اور تناظرات واضح کیے گئے ہیں۔ یہ ابتدا سے واضح رہے کہ نیٹشے کےہاں مذہب یا اخلاقیات سے مرادعیسائیت ہے، مسیحی نظام اخلاقیات ہے، مسیحی تصور خدا ہے، مسیحی تصور نجات ہے، اورمسیحی تصور زندگی ہے۔ یاد رہے عیسائیت اسلام نہیں ہے۔ یہ اسلام کی عین ضد ہے۔عیسائیت کا بگاڑاور شریعت عیسوی کی تنسیخ ہی رسالت محمدصلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بنیادی وجہ ہے۔ حضرت عیسٰی علیہ السلام کی تعلیمات مسخ کی گئیں، انجیل مسخ کی گئی، تصور خدا، تصورزندگی، تصور آدمی مسخ کیا گیا۔ اسی لیے بعثت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہوئی، اسی لیے قرآن فرقان نازل کیا گیا، اور دین اسلام کے مکمل ہونے کا اعلان کیا گیا۔

علاوہ ازیں، نیٹشے نے ان تصورات کا فی نفسہ انکار نہیں کیا۔ اُس کا اپنا تصوراخلاقیات، تصور روح، تصور اقدار، اوربہتر انسان وجود رکھتا ہے، اوروہ ان تصورات کا پورے شد ومد سے ابلاغ بھی کرتا ہے۔

اس کتاب کے مطالعہ میں تکرارسے سامنا رہے گا؛ اصطلاحات اورنظریات کی وضاحتیں بار بارکی گئی ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ ہےکہ نیٹشے کے اسلوب میں تکراربہت ہے۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ قاری کو نیٹشے کے پیچیدہ اور مشکل خیالات اچھی طرح سمجھ لینے چاہئیں۔ نیٹشے مشکل آدمی ہے۔

نیٹشے کا ادبی مقام اعلٰی ہے۔ مگر اُس کا فلسفہ اور نئی اقدار کا نظریہ محل نظر ہے، اور یہاں اُس سے متاثرحضرات نہیں بلکہ اُس کے متاثرین مخاطَب ہیں۔ اس لیے اس کتاب میں نیٹشے کا ادبی اسلوب زیرغور یا زیر بحث نہیں ہے، تاہم نیٹشے کے بڑے بڑے دعوے یقینا قابل نقد ہیں۔

نیٹشے کے مطالعہ میں بالکل واضح رہنا چاہیے کہ مذہب یا اخلاقیات پرتنقید کا دائرہ عیسائیت، یہودیت، یونانی دیومالائیت، زرتشت مذہب اورکسی حد تک بدھ مت کی تعلیمات تک محدود ہے۔ خاص طور پر رہبانیت، عملی ضعف، اوردنیاوی معاملات سے کنارہ کشی پرنیٹشے نے کڑی تنقید کی ہے۔ اسلام کے بارے میں اُس کی معلومات نامکمل ہیں، اس کا اعتراف بھی اُس نےکیا ہے، بلکہ عیسائیت کے مقابلے میں اسلام کا ذکرایک ممکنہ متبادل کے طورپربھی کیا ہے۔ یہ دلچسپ نکتہ بھی ذہن میں رہے کہ نیٹشے نے اپنا سب سے اہم کردار زرتشت بھی مشرقی مذہبی روایت سے ہی مستعار لیا۔ زیر نظر کتاب کا عنوان بھی انجیل یوحنا سے مستعار ہے۔

یہاں فلسفہ کے معروف مؤرخ ول ڈیورانٹ کی دلچسپ رائے برمحل ہوگی: ’’ نیٹشے کا باپ ایک مذہبی پیشوا (پادری) تھا؛ اس کے والدین کے پیچھے پادریوں کی ایک طویل تاریخ تھی، اور وہ خود بھی زندگی کے آخری لمحے تک ایک واعظ ہی رہا۔ اس نے عیسائیت پر اس لیے حملہ کیا کیونکہ اس کے اپنے اندر عیسائیت کی اخلاقی روح کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔ اس کا فلسفہ دراصل اس کے اپنے اندر موجود نرمی، مہربانی اور امن پسندی کے غیر مغلوب رجحان کو ایک شدید تضاد کے ذریعے متوازن کرنے کی ایک کوشش تھا۔ کیا یہ اس کے لیے ایک آخری تازیانہ نہیں تھا کہ جینوا کے اچھے لوگ اسے’’پاکباز یا سادھو‘‘ کہہ کر پکارتے تھے؟ اس کی ماں ایک پرہیزگار اور سخت گیر (Puritan) خاتون تھیں، بالکل اسی مزاج کی جس نے امانوئل کانٹ کی تربیت کی تھی۔ اور شاید ایک تباہ کن استثناء کے علاوہ، نیٹشے آخر تک ایک مجسمے کی طرح پاک دامن، پرہیزگار اور مذہبی رہا؛ اسی لیے اس نے پارسائی اور تقویٰ پر سب سے شدید وار کیے۔ یہ ازلی پارسا گناہ گار ہونے کے لیے کس قدر تڑپتا تھا!۔۔۔ اس کے اسکول کے ساتھی اسے’’چھوٹا پادری‘‘ کہتے تھے، اور ان میں سے ایک نے تو اسے’’ہیکل میں عیسیٰ‘‘ سے تشبیہ دی۔ اپنی تنہائی میں بائبل پڑھنا یا دوسروں کو اتنے جذباتی انداز میں پڑھ کر سنانا کہ ان کی آنکھوں میں آنسو آ جائیں، اس کا پسندیدہ مشغلہ تھا۔۔۔ مذہب اس کی زندگی کا مغز تھا، اور اب زندگی اسے بالکل خالی اور بے معنی محسوس ہونے لگی تھی۔‘‘(داستان فلسفہ)

نیٹشے نے کتاب کا عنوان (لاطینی: ’دیکھو، یہ ہے انسان‘) گہری علامت اور فکری شعور کے ساتھ منتخب کیا۔

یہ فقرہ انجیل میں اُس وقت آیا جب Pontius Pilate نے مجمع کے سامنے زخمی حالت میں کھڑے یسوع مسیح کی طرف اشارہ کر کے کہا ’’ایکے ہومو‘‘ Ecce Homo۔ یہ جملہ صدیوں تک دکھ، قربانی اور مظلومیت کی علامت سمجھا جاتا رہا۔

نیٹشے نے اسی فقرہ کو اپنے لیے اختیار کیا، مگر اس کا مفہوم بدل دیا۔ وہ خود کو ایک ایسے مفکرکے طور پر پیش کرتا ہے جسے زمانے نے درست طور پر نہیں سمجھا۔ گویا وہ کہتا ہے:’’مجھے دیکھو، مجھے پہچانو میں کون ہوں۔‘‘ اس طرح عنوان ایک فلسفیانہ اعلانِ ذات بن جاتا ہے۔

یہاں ایک گہری تلخی بھی موجود ہے، کیونکہ نیٹشے عیسائیت کا شدید ناقد تھا، مگر اسی مسیحی روایت کے الفاظ کو اپنی خود نوشت کا عنوان بنایا۔ اس طرح وہ مذہبی علامت کو الٹ کر اپنے فکری اظہار کا وسیلہ بناتا ہے۔

چونکہ یہ کتاب اس نے اپنی ذہنی بیماری سے کچھ پہلے لکھی، اس لیے یہ عنوان ایک طرح کا آخری تعارف یا اعلان کی صورت بھی محسوس ہوتا ہے، جیسے وہ کہہ رہا ہو: ’یہ ہوں میں، میری فکر اور میرا مقدر۔‘

ایک آخری بات اور، نیٹشے کی الجھن اور تضاد میں اس بات کے قوی امکانات اور خدشات موجود رہے ہیں، کہ اُس کی تعلیمات مسخ کی جاسکیں، غلط کاموں کے لیے استعمال کی جاسکیں۔ اس کی ایک واضح مثال نیٹشے کی اپنی بہن (۱)ہے، جس نے اُس کے فلسفہ کونازی ازم کے لیے استعمال کیا۔ غرض بہت سوں نے نیٹشےکے کام کا غلط استعمال کیا ہے۔ اُس کی اصل فریاد وہیں ہے جہاں اُس کی زندگی میں تھی۔ لگتا یوں ہے، کہ نیٹشے جو کچھ جان چکا تھا اُسے سمجھنے میں اُسے ایک زندگی کافی ثابت نہ ہوئی۔اقبال نے کیا خوب سمجھا اور کہا ہے:

اگر ہوتا وہ مجذوب فرنگی اس زمانے میں

تو اقبال اس کو سمجھاتا مقامِ کبریا کیا ہے